کچھ ذکر پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ماہرِ طبیعیات ڈاکٹر ریاض الدین کا
اب انہیں ڈھونڈ چراغِ رُخِ زیبا لے کر!
سن سینتالیس کا بڑھتا ہوا حبس اجلے موسم کی نوید لئے گزرتا جا رہا تھا۔ وہ طلوع ہوتے ہوئے شفق تاب سورج کی سرمئی دھوپ تھی، جہاں ایک جانب برِ صغیر کے مسلمان نئے وطن کے قیام پہ دیوانہ وار خوشی کا اظہار کر رہے تھے تو دوسری جانب وہی سرمئی دھوپ شامِ وحشت کا منظر پیش کر رہی تھی۔ صدیوں سے ساتھ رہنے والے ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو چکے تھے، مذہبی روایات و اختلافات نے دو قومیں تقسیم کر دیں تھیں۔ جہاں تمام برِ صغیر اِس بادِ سموم کی لپیٹ میں آیا، وہاں لدھیانہ کیسے اپنا جداگانہ تشخص برقرار رکھ پاتا! فسادات کی ایک نہ ختم ہونے والی لہر نے دلوں میں نفرت اور غم و غصے کے ایسے بیج بوئے کہ سرحد کے دونوں جانب تا حدِ نگاہ لُٹے پٹے قافلوں کا سمندر موجزن تھا، بظاہر پُر سکون مگر دروں خانۂ جاں ایک طلاطم۔
اکتوبر 1947ء میں یہ خون آشام موسم لدھیانہ کے ایک متوسط خاندان کی پاکستان ہجرت کا باعث بنا۔ اِس خاندان کی میزبانی کا شرف لاہور کو حاصل ہوا۔ اِس خاندان میں دو جڑواں بھائی، ریاض الدین اور فیاض الدین، بھی شامل تھے۔ ہجرت سے قبل دونوں بھائیوں کو انجمنِ اسلامیہ کی زیرِ نگرانی چلنے والے اسکول میں داخل کروایا گیا۔ ہجرت کے وقت دونوں کی عمریں بمشکل سترہ برس تھیں۔ جہاں ایک جانب دوسرے ہجرتی ابھی تک تقسیم کے سحر سے باہر نہ نکل پائے تھے، وہیں یہ دونوں بھائی ان حالات سے بے نیاز تحصیلِ علم کے خواب دیکھنے میں مصروف تھے۔ ان کے دل درد سے بھرپور تھے مگر ذہن ایک نئی امنگ کو پروان چڑھا رہا تھا۔ اپنا سب مال و اسباب سرحد کی بے رحم لکیر کے اُس جانب چھوڑ آنے کے باوجود دل میں نئے وطن کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ ٹھاٹھیں مار رہا تھا۔
جہاں ایک جانب روزگار کی فکر چھائی ہو اور دوسری جانب سر پہ مستقل سائبان نہ ہو، وہاں تعلیم کو اہمیت دینا بڑے جان جوکھوں کا کام تھا۔ مگر قسمت بھی شاید دونوں بھائیوں کی مدد کر رہی تھی کہ انہیں ایک ایسے گھرانے میں پروان چڑھایا جو تعلیم کی اہمیت سے بخوبی واقف تھا۔ دونوں بھائیوں کے جذبۂ تحصیلِ علم کو دیکھتے ہوئے ابتدائی طور پہ گورنمنٹ محمڈن اینگلو اوریئنٹل کالج لاہور میں داخل کروایا گیا۔ ایم اے او کالج میں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد دونوں بھائی گورنمنٹ کالج لاہور اور پھر پنجاب یونی ورسٹی لاہور آ گئے۔
ریاض الدین نے پنجاب یونیورسٹی سے 1951ء میں بی ایس سی ریاضی کا امتحان پاس کیا۔ اِس امتحان کی سب سے منفرد بات یہ تھی کہ ریاض الدین کو ڈاکٹر عبدالسلام کی نگرانی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ریاضی کے طالب علم کی حیثیت سے آپ نے ڈاکٹر عبدالسلام سے اُس دور میں کوانٹم مکینکس جیسا قدرے مشکل اور پاکستانی ماحول کے لحاظ سے نسبتاً نیا مضمون پڑھا۔ اِس مضمون کی ایک اور خاص بات کچھ ان موضوعات اور رجحانات کا مطالعہ بھی تھا جو عمومی کورس میں شامل نہیں تھے۔ بعض مورخین کے مطابق ریاض الدین بی ایس سی میں کوانٹم مکینکس میں پاس ہونے والے ڈاکٹر عبدالسلام کے واحد شاگرد بھی تھے۔ کوانٹم مکینکس اور ریاضی میں ریاض الدین کی اِس متاثر کُن دلچسپی نے ڈاکٹر عبدالسلام کو بیحد متاثر کیا۔ 1951ء میں ڈاکٹر سلام نے ریاض الدین کے لئے وظیفہ مقرر کروایا اور پنجاب یونیورسٹی میں ایم ایس سی میں داخلے میں ریاض الدین کی مدد کی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام کی ریاض الدین میں دلچسپی نہ صرف ریاض الدین کی علمی قابلیت پہ دلیل تھی بلکہ ڈاکٹر سلام کی دور اندیشی کا ایک مظاہرہ بھی کہ انہیں لدھیانہ سے ہجرت زدہ طالب علم میں مستقبل کا ایک بڑا سائنسدان پنپتا نظر آ رہا تھا۔
ڈاکٹر سلام 1951ء سے 1954ء تک گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں فزکس کے پروفیسر تعینات تھے مگر اُس کے ساتھ ساتھ اُن کے پاس پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ ریاضی کے چئیرمین کا عہدہ بھی تھا۔ چونکہ ریاض الدین نے ایم ایس سی فزکس میں تحقیقی مقالہ کے لئے ریاضیاتی فزکس (Methods of Mathematical Physics) کو منتخب کیا، لہٰذا آپ کو ڈاکٹر سلام اور پروفیسر رفیع محمد چوہدری جیسے بڑے سائنسدانوں کے زیرِ سایہ کام کرنے کا موقع ملا۔ ریاض الدین نے یہاں بھی اپنی صلاحیتوں سے ڈاکٹر سلام کو متاثر کیا۔ 1953ء میں شائع ہونے والے اِس مقالے نے ملک کے سائنسی حلقوں میں ریاض الدین کو متعارف کروایا۔ ریاض الدین ایم ایس سی میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔
ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لئے ریاض الدین نے دنیا کی عظیم درسگاہوں میں سے ایک، کیمبرج یونی ورسٹی برطانیہ کا انتخاب کیا۔ تاہم 1956ء میں کیمبرج جانے سے پہلے آپ نے کچھ عرصہ پنجاب یونی ورسٹی میں لیکچرر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ کیمبرج میں بھی ریاض الدین کی قابلیت اور ڈاکٹر سلام کی سرپرستی کی بدولت آپ کو وظیفہ کا حقدار قرار دیا گیا۔ سابقہ دلچسپی کے باعث آپ نے ڈاکٹریٹ کے تحقیقی مقالہ کے لئے نظری طبیعیات (Theoretical Physics) کے تحت Charge Radius of Pion کا موضوع منتخب کیا۔ اِس مقالہ کے باعث 1959ء میں کیمبرج یونی ورسٹی نے آپ کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔ یہ مقالہ 15 مئی 1959ء کو طبیعات کے ایک معتبر جریدے Physical Review میں شائع ہوا۔
ڈاکٹریٹ کی سند ملنے کے بعد آپ واپس پاکستان تشریف لے آئے اور 1959ء میں اپنی مادرِ علمی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کی حیثیت سے تعینات ہوئے۔ تعلیمی مصروفیات کے باوجود آپ نے تحقیقی کام میں کمی نہیں آنے دی۔ قدرے محدود ماحول اور مواقع کے باوجود فزکس میں تحقیقی کام میں آپ اپنے ہم عصروں میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ 1963ء میں مابعد ڈاکٹریٹ کے سلسلے میں نارمن مارک (Norman Mark) اور مائیکل ڈف (Michael Duff) نے آپ کو راچسٹر یونی ورسٹی میں ریسرچ ایسوسی ایٹ پروفیسرشپ کی دعوت دی۔ جسے آپ نے قبول کیا اور امریکہ عازمِ سفر ہوئے۔ یہاں آپ کا قیام دو سال پہ محیط تھا۔ 1965ء میں ہی آپ کو پنسلوانیا یونیورسٹی میں فزکس پڑھانے کے لئے مدعو کیا گیا۔ آپ نے 1966ء تک اِس عہدے پہ کام کیا۔
پاکستان واپس آنے سے پہلے آپ کچھ عرصہ کے لئے شکاگو تشریف لے گئے اور وہاں اپنے بھائی فیاض الدین، فہیم حسین اور پیٹر رٹولی کے اشتراک سے شکاگو یونی ورسٹی میں اضافیت پہ ایک گروپ تشکیل دیا۔ اِس گروپ نے قلیل عرصے میں کئی اہم تحقیقی مقالے شائع کئے۔ 1966ء میں ہی آپ نے فیاض الدین کے ساتھ مل کر Physical Review میں ایک تحقیقی مقالہ شائع کیا۔ ریاض الدین اور فیاض الدین کے کام سے بے خبر بعینہٖ یہی تحقیقی کام اُس دوران دو جاپانی سائنسدان کوارا بیاشی اور سوزوکی بھی کر رہے تھے۔ نظری طبیعیات میں یہ مقالہ KSRF Relation کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پانچ دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ مقالہ نظری طبیعیات دانوں کو ورطۂ حیرت میں ڈالے ہوئے ہے۔
بیسیویں صدی کی ساتویں دہائی پاکستان میں فزکس کے میدان میں کئی خوشگوار تبدیلیاں لے کر آئی۔ اِس کی ایک بڑی وجہ ڈاکٹر سلام کی بین الاقوامی سائنسی حلقوں میں شہرت اور اثر پذیری بھی تھی۔ ایوب حکومت نے 1967ء میں اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اسلام آباد یونی ورسٹی (جسے اب قائد اعظم یونی ورسٹی کہا جاتا ہے) قائم کی۔ اسلام آباد یونی ورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف فزکس (موجودہ نیشنل سینٹر فار فزکس) کے قیام اور ترقی کے لئے ضروری تھا کہ اِس ادارے کو عالمی افق کے چند بڑے سائنسدانوں کا ساتھ حاصل ہو۔ ڈاکٹر سلام اُن دنوں ایوب حکومت میں سائنسی مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ دنیا بھر میں پھیلی اپنی تحقیقی مصروفیات اور ملکی ذمہ داریوں کے باعث سلام خود اِس ادارے کو مناسب وقت نہ دے سکتے تھے۔ لہٰذا ڈاکٹر سلام کی نظرِ انتخاب اپنے دیرینہ طالب علم ریاض الدین پہ آ کے ٹھہری اور ڈاکٹر سلام کی خواہش کے احترام میں ریاض الدین 1968ء میں اسلام آباد یونی ورسٹی سے منسلک ہو گئے۔ آپ کی تحقیقی کامیابیوں کے اعتراف میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے 1968ء میں آپ کو گولڈ میڈل سے نوازا۔
ریاض الدین کی جانفشانی اور محنتِ شاقہ کی بدولت یہ ادارہ جلد ہی پاکستان میں صفِ اول کے تحقیقی اداروں میں شامل ہو گیا۔ فزیکل ریویو اور فزیکل ریویو لیٹرز جیسے معتبر تحقیقی جریدوں میں مقالہ جات کی اشاعت معمول کی بات بن گئی۔ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ سمیت تمام دنیا سے مایہ ناز سائنسدان یہاں آتے اور بدلتے رجحانات سمیت نت نئے موضوعات پہ لیکچرز کا انعقاد کرتے۔ اِس سب نے پاکستان میں فزکس کے میدان میں سائنسدانوں کی ایک ایسی نسل تیار کی، جس نے عالمی افق پہ گہرے نقوش چھوڑے۔
ریاض الدین نے 1968ء میں سی پی ریان (C. P. Ryan) اور رابرٹ مارشک (Robert E. Marshak) کی شراکت میں Theory of Weak Interactions in Particle Physics کے نام سے کتاب لکھی۔ دنیا بھر میں ان گنت تعلیمی اداروں میں پڑھائی جانے والی یہ کتاب آج بھی ذراتی طبیعیات میں اپنے موضوع پہ ایک شاہکار کتاب ہے۔ نیشنل سینٹر فار فزکس کو اپنے پیروں پہ کھڑا کرنے کے بعد آپ ایک بار پھر امریکہ تشریف لے گئے اور اِس بار میری لینڈ یونی ورسٹی میں ریاضی کے پروفیسر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔ تاہم ڈاکٹر سلام کی خواہش پہ آپ نے جلد ہی میری لینڈ یونی ورسٹی کو خیر آباد کہا اور اٹلی میں ڈاکٹر سلام کے قائم کردہ بین الاقوامی مرکز برائے نظری طبیعیات میں شامل ہو گئے۔
ریاض الدین کا ایک بہت بڑا کام پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں ابتدائی اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا تھا، جس پہ آنے والے سائنسدان تشکیل کی دیواریں تعمیر کر سکیں۔ ڈاکٹر سلام نے 1972ء میں ریاض الدین کو اٹلی میں واقع اپنے دفتر میں بلایا اور کہا کہ پاکستان کے لئے ایٹم بم تم بناؤ گے۔ ریاض الدین نے امریکہ میں اپنے تعلقات کی بنیاد پہ مین ہٹن پراجیکٹ کے سلسلے میں کیا گیا ابتدائی کام اور مقالہ جات حاصل کئے اور پاکستان نے اپنے ایٹمی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔
آخری عمر میں آپ کو کینسر کا مرض لاحق ہو گیا تھا مگر سرطان بھی فزکس کے لئے آپ کے جوش و خروش میں کمی نہیں لا سکا۔ آپ نے اپنا آخری مقالہ اپنی وفات سے صرف انتیس دن پہلے 20 اگست 2013ء کو شائع کروایا۔ سابقوں، لاحقوں، مراعات، عہدوں، ادب آداب، لقب القاب، خس خانہ و برفاب سے ساری عمر دور رہنے والے، وطنِ عزیز میں طبیعات کی خدمت میں مصروف اِس عظیم سپوت نے 9 ستمبر 2013ء کو آخری سانس لی۔
ایک بڑا سائنسدان ہونے کے ساتھ ساتھ ریاض الدین کی ایک بڑی خوبی آپ کی عاجزی اور نرم دلی بھی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے آپ کے رفقاء سائنسدان پاکستان میں فزکس کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں آپ کے ایک اشارے پہ آ موجود ہوتے تھے اور اِس سلسلے میں کسی قسم کی تخصیص روا نہ رکھتے تھے۔ آپ نے ساری عمر دنیا کے صفِ اول کے تحقیقی اداروں میں کام کیا، دنیا کی عظیم درسگاہوں میں تدریس سے منسلک رہے، اپنے وقت کے مایہ ناز سائنسدانوں سے دوستانہ تعلقات قائم کئے، کئی ملکی و غیر ملکی اعزازات حاصل کئے مگر یہ عارضی چمک دمک اُن کے عجز کو کم نہ کر سکی۔ ہر نیا اعزاز آپ کی عاجزی کو مزید مستحکم کر جاتا۔ آپ سونا تھے مگر ڈاکٹر سلام کی شاگردی اور تربیت نے آپ کو کندن بنا دیا۔
یہ ریاض الدین کا ہی وصفِ خاص تھا کہ آپ کوئلے کو بھی کندن بنا دیتے تھے۔ آپ نے اپنے ہم عصر سائنسدانوں کے ساتھ مل کے پاکستان میں سائنسدانوں کی اُس نسل کی پرورش اور تربیت کی، جس نے مقدار کی بجائے میعار کو ترجیح دی۔ آپ سیارگانِ شب کے سفیر نہیں تھے کہ جن کا کام روشنی لینا ہے، آپ تو شفق تاب ستاروں کے اُس گروہ سے تعلق رکھتے تھے، جنہوں نے ساری عمر روشنی بانٹی۔ آپ کی بزرگانہ عظمت پہ دلیل ہے کہ آپ ذراتی اور نظری فزکس کے اوجِ کمال تک پہنچے مگر آپ نے کبھی طلباء میں کسی قسم کا فرق روا نہیں رکھا۔ آپ کی شفقت کا سورج ہر ایک پہ برابر اپنی کرنیں نچھاور کرتا رہا۔
وہ نسل جس نے آپ کو نہیں دیکھا، صرف آپ کے کام سے واقف ہے، آپ کے نقوشِ پا سے حوصلہ پاتی ہے۔ ہم صرف قیاس کر سکتے ہیں کہ پاکستان میں فزکس کی ترویج و اشاعت میں آپ کو کن مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا، محسوس نہیں کر سکتے۔ مگر آپ کی قائم کی عمارت کو مزید مضبوط کرنا اور وسعت دینا ہمارا کام ہے۔ آپ نے نئی نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا: اِس دنیا میں زندگی گزارنے کا موقع صرف ایک بار ملتا ہے۔ کچھ ایسا کرنے کی کوشش کریں، جس پہ آپ فخر کر سکیں۔ سیکھیں اور علم کی ترویج کریں اور نئے علوم کی تلاش کریں۔ دوسروں کے لئے مددگار ثابت ہوں۔
Enjoy Reading This Article?
Here are some more articles you might like to read next: